کورونا کے بعد جلد نئی بیماری آسکتی ہے، بل گیٹس کو خدشہ

کورونا کے بعد جلد نئی بیماری آسکتی ہے، بل گیٹس کو خدشہ
کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکا کی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس جیسی ایک اور بیماری جلد ہی پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ خیال رہے کہ بل گیٹس نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ دنیا کے تمام ممالک، سائنسدان اور ماہرین صحت ان کے اس چونکا دینے والے بیان کو خاص اہمیت دے رہے ہیں۔ بل گیٹس جو کہ بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بھی ہیں نے تسلیم کیا ہے کہ کورونا وائرس کی بیماری کے خطرات کم ہو چکے ہیں کیونکہ انسانوں کے اندر اس کیخلاف قوت مدافعت پیدا ہو رہی ہے۔ تاہم ایک امریکی نشریاتی ادارے کیساتھ گفتگو میں انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہو سکتا ہے کہ کوووڈ خاندان سے تعلق رکھنے والے مختلف اقسام کے پیتھوجن سے ایک نئی بیماری پوری دنیا میں پھیل جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں آنے والی اس ممکنہ بیماری پر اگر ابھی سے توجہ دیتے ہوئے اس انوسٹمنٹ کی جائے تو میڈٰکل ٹیکنالوجی دنیا کو اس سے لڑنے کے لئے مزید مدد فراہم کر سکتی ہے۔ مائیکروسافٹ کے بانی نے کہا کہ کورونا وائرس کو تقریباً 2 سال ہو چکے ہیں۔ سطح پر لوگوں میں اس کیخلاف قوت مدافعت پیدا ہونے سے اس کے بدترین اثرات کم ہو رہے ہیں۔ اومیکرون سے بھی اس بات کا اظہار ہوتا ہے کہ اس کی شدت کم ہو چکی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کورونا ویکسین سے زیادہ وائرس کے اس رجحان نے اس کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے دوران گفتگو وبا کے خاتمے کیلئے عالمی کوششوں کو کوئی کریڈٹ نہیں دیا۔ بل گیٹس کا کہنا تھا کہ 2022ء کے وسط تک ڈبلیو ایچ او کے ستر فیصد آبادی کو کورونا ویکسین لگانے کے ہدف تک پہنچنے میں بہت تاخیر ہو چکی ہے۔ اس وقت دنیا کی 61 اعشاریہ 9 فیصد آبادی کو ویکسین کی کم از کم صرفف ایک خوراک ملی ہے۔