ریٹائرڈ یا مستعفی ججز کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کارروائی جاری رکھ سکے گی۔ وفاقی حکومت کی زائد المعیاد اپیل پر سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔
یادرہے سپریم کورٹ نے اس کیس پر کہ ریٹائرڈ یا مستعفی ججز کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل کاروائی کرسکے گی یا نہیں، فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جسے 15 منٹ بعد سنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
سپریم کورٹ نے عافیہ شہربانو کیس میں وفاقی حکومت کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت مکمل کرلی تھی ۔سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے عافیہ شہربانو کیس کی سماعت کی.
جسٹس امین الدین خان نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے عافیہ شہربانو کیس میں انٹرا کورٹ اپیل جزوی طور پر منظور کرلی ہے۔ جج کے خلاف ایک بار کارروائی شروع ہو جائے تو جج کے استعفے سے کارروائی ختم نہیں ہو گی۔
سپریم کورٹ نے 4/1 کی اکثریت سے محفوظ فیصلہ سنایا۔ جج کے خلاف کاروائی اسکے استعفی یا ریٹائرمنٹ کے باعث ختم نہیں ہوگی، ایسے میں کاروائی ختم کرنے کا اختیار سپریم جوڈیشل کونسل کا ہی تصور کیا جائے گا۔
اکثریتی فیصلے سے جسٹس حسن اظہر رضوی نے فیصلے سے اختلاف کیا ہے۔