پی ٹی آئی کا نواز شریف اور جنرل (ر) باجوہ کیخلاف بڑا ایکشن

پی ٹی آئی کا نواز شریف اور جنرل (ر) باجوہ کیخلاف بڑا ایکشن
کیپشن: Nawaz Sharif & Qamar Javed
سورس: web desk

(ویب ڈیسک)مریم نواز کے سابق ترجمان اور گورنر سندھ محمد زبیر کے نجی ٹیلی ویژن کو دیے گئے انٹرویو کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بطور آرمی چیف اپنے حلف سے روگردانی کرنے اور عدالتی سزایافتہ نواز شریف کے ساتھ مل کر منتخب آئینی اور جمہوری حکومت کے خلاف سازشیں کرنے پر جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

 تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ اہم بیان کے مطابق پی ٹی آئی نے افواجِ پاکستان کو براہِ راست سیاست میں ملوث کرنے، فوج کی ساکھ اور ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے پر جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے کورٹ مارشل کا مطالبہ کیا اور جمہوریت اور عوام کی منتخب حکومت کے خلاف سازش میں جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی معاونت کرنے پر نون لیگ کے سربراہ میاں نواز شریف کو بھی شاملِ تفتیش کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف رؤف حسن نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ جاتی امراء کے قزاق آئین، قانون، جمہوریت اور عوام کے ووٹ کی حرمت کے خلاف رچائی جانے والی ہر سازش کے مرکزی کردار ہیں، جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ ہر لحاظ سے ایک قومی مجرم ہے جس نے اپنے ذاتی مفاد کے لیے بحثیت ادارہ فوج، ملک، آئین اور جمہوریت کو داؤ پر لگایا۔

رجیم چینج سازش سے لے کر اب تک سامنے آنے والے تمام شواہد اور شہادتیں جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے گھناؤ نے کردار پر سوالیہ نشان چھوڑ رہے ہیں، ایک کے بعد دوسری شہادت یہ واضح کررہی ہے کہ جنرل (ر) قمر جاوید باوجوہ ملک کو درپیش سیاسی، آئینی، جمہوری، معاشی اور انتظامی بحران کا براہِ راست ذمہ دار ہے۔

’واشنگٹن میں پاکستانی سفیر کے بھجوائے گئے سائفر کے متن، منتخب جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش اور اس سے جڑے واقعات کے بعد مریم نواز کے ترجمان کی شہادت جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے غیرآئینی، غیرقانونی اور خلافِ منصب عزائم پر مہرِتصدیق ثبت کرتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے ترجمان کی شہادت نے رجیم چینج سازش کے اہداف، طریقۂ کار اور اس میں ملوث کرداروں کو قوم اور تاریخ کے روبرو برہنہ کرکے کھڑا کر دیا ہے، محمد زبیر نے میاں شریف مرحوم  کی اولاد کی آئین، قانون، جمہوریت اور عوام سے وابستگی کی حقیقت بھی ایک اور پہلو سے قوم پر آشکار کردی ہے۔

 تبدیلی سرکار کی سازش کا نشانہ بننے والے عوام کے منتخب وزیراعظم عمران خان سائفر اور رجیم چینج آپریشن کی اعلیٰ سطحی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ تسلسل سے دہراتے آئے ہیں، جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ اور نوازشریف سمیت رجیم چینج کے تمام مکروہ کرداروں نے ان تحقیقات کی راہ روکنے کے لیے ہر ممکن ریاستی قوت اور وسائل استعمال کیے۔

’لازم ہے کہ مشرقی پاکستان کے المناک سقوط کے بعد ملک و قوم کے خلاف ایک سابق آرمی چیف اور عدالتی سزا یافتہ مجرموں کے گھناؤنے کردار، ان کے حقیقی عزائم اور ملک قوم پر ان کے تباہ کن اثرات کی تمام پہلوؤں سے قابلِ بھروسہ تحقیقات کی جائیں‘۔

رؤف حسن نےکہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر کے بیان کا ازخود نوٹس لیں اور ملکی دستوری و جمہوری تاریخ کے اس شرمناک باب کی مفصّل اور بے لاگ تحقیقات کے ذریعے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ، نواز شریف اور ان کے ساتھی مجرموں کے کڑے محاسبے کا بیڑہ اٹھائے۔

تحریک انصاف ان قومی مجرموں سے کسی قسم کی ساز باز کرے گی نہ ہی انہیں اپنے حقیقی انجام سے فرار کی کوششوں میں کامیاب ہونے دے گی۔

Watch Live Public News