ویب ڈیسک: مارگلہ نیشنل پارک میں واقع مونال ریسٹورنٹ کی لیز سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں فوج اور سی ڈی اے ڈائریکٹریٹ آپس میں لڑائی کررہے ہیں،سارے لوگ جھوٹ بولنے کے لیے آئے ہیں یا کوئی سچ بھی بولے گا، ریکارڈ فوراً وقفے میں پیش کریں ورنہ توہین عدالت کا نوٹس کریں گے۔
تفصیلا ت کے مطابق مارگلہ نیشنل پارک میں واقع مونال ریسٹورنٹ کی لیز سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کی، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وکلا مخدوم علی خان اور سلمان اکرم راجہ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالتی ہدایت پر اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے گزشتہ سماعت کا عدالتی حکمنامہ پڑھ کرسنایا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ ملٹری اسٹیٹ ڈائریکٹریٹ کی طرف سے کون آیا ہے، جس پر ملٹری اسٹیٹ آفیسر عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں فوج اور سی ڈی اے ڈائریکٹریٹ آپس میں لڑائی کررہے ہیں، اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے ریمارکس دیئے کہ مونال کے ساتھ ملٹری اسٹیٹ ڈائریکٹریٹ کا اوریجنل ایگریمنٹ ریکارڈ کہا ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیئے کہ سارے لوگ جھوٹ بولنے کے لیے آئے ہیں یا کوئی سچ بھی بولے گا، ریکارڈ فوراً وقفے میں پیش کریں ورنہ توہین عدالت کا نوٹس کریں گے۔
بعد ازاں چیف جسٹس نے کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا ہے۔