یوم یکجہتی فلسطین: ملک بھر میں ریلیاں اور مظاہرے

یوم یکجہتی فلسطین: ملک بھر میں ریلیاں اور مظاہرے

لاہور(پبلک نیوز)‌ ملک بھر میں آج سرکاری طور پر یوم فلسطین منایا جارہا ہے اور غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں ارکان پارلیمان کی جانب سے فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کےلیے واک کی گئی،  اسرائیلی جارحیت کے خلاف حتجاجی واک میں اراکین پارلیمنٹ، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں نے  بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی کا اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی قیات میں اسمبلی سیڑھیوں پر فلسطین سے اظہار یکجہتی میں احتجاج ، ممبران نے فلیکس اور فلسطین کے جھنڈے اٹھا کر اسرائیلی بربریت کے خلاف احتجاج کیا.

کراچی بار کے وکلا نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرا دیا ، وکلا کی بڑی تعداد احتجاج میں شریک ہوئی ، وکلاء نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور اسرائیلی پرچم بھی نذرآتش کیا. مظلوم فلسطینیوں کے حق میں لاہور ہائیکورٹ بار کی جانب سے بھی ریلی نکالی گئی. وکلاء نے کمیٹی روم سے جی پی او چوک تک ریلی نکالی اور فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا. وکلاء نے عرب مقبوضہ علاقوں پر قابض غاصب اسرائیل ککی مذمت کی.

لبرٹی چوک لاہور میں پنجاب حکومت اور سول سوسائٹی کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، خواتین، بچے بوڑھے اور مختلف اداروں کے ملازمین نے شرکت کی۔ سکھرمیں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے وکلاء برادری اور مختلف سیاسی سماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں. ریلوے ملازمین نے بھی فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ڈیزل شیڈ رننگ سے مین روڈ تک احتجاجی مظاہرہ کیا اور اسرائیل کا پتلا نذرآتش کیا۔ پریس کلب لاہور کے باہر آل پاکستان کلرکس ایسو سی ایشن کی جانب سے فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی۔

ملک کے دیگر شہروں صوابی، کرک ، جہانیاں، لیاقت پور، ساہیوال، نواب شاہ، لاڑکانہ، کندیاں، احمد پور شرقیہ، روجھان، کشمور، ظاہر پیر، قصور، ڈیرہ بگٹی اور مریدکے میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے اور ریلیاں نکالیں.

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔