اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی فلسطین منانے پر قوم کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ہر فورم پر فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ فلسطین میں اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کے حوالے سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے بھرپور انداز میں اقوام متحدہ میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ، ترک، اردن کے سربراہان سے بات کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے رمضان المبارک میں بھی ظلم روا رکھا۔ جب سے اسرائیل بنا، پاکستان کا مؤقف واضح رہا ہے۔ اب تو مغربی میڈیا کی جانب سے بھی اسرائیل کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے دنیا کا بھی مسئلہ فلسطین سے متعلق مؤقف تبدیل ہو رہا ہے۔ قائدکے ویژن کے مطابق ہم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔