وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ تسنیم حیدر کا ن لیگ سے کوئی تعلق ہے اورنہ ہی یہ مسلم لیگ ن لندن کا ترجمان ہے۔ مریم اورنگزیب کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ تسنیم حیدرکا مسلم لیگ ن سے کوئی بھی تعلق نہیں ہے اگر تسنیم حیدر کے پاس ثبوت ہیں تو جےآئی ٹی کے قانونی فورم پرپیش کریں، اس کے ساتھ ان کا کہنا تھا کہ تصویر میں نظر آنے والا شخص پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) لندن کا آرگنائزر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیک نیوز سے ارشد شریف کے اصل قاتلوں سے توجہ ہٹائی نہیں جاسکتی ہے۔ مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدر زبیر گل نے بھی ایک بیان میں کہا ہےکہ تسنیم حیدر مسلم لیگ ن کے ترجمان ہرگز نہیں ہیں ان کا مطالبہ تھا کہ تسنیم حیدر کے الزامات پر انہیں برطانوی عدالت لے کر جائیں گے۔ زبیر گل کا مزید کہنا تھا کہ یہ ڈرامہ ارشد شریف کے اصل قاتلوں سے توجہ ہٹانے کے لیے رچایا گیا ہے، تسنیم حیدر کے دائیں، بائیں بیٹھےدونوں افراد پاکستان تحریک انصاف کے لیڈر ہیں جو لندن میں نواز شریف کےگھر کے باہر مظاہرے کرواتے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم 15 مئی 2004 کو تھانہ صدرگجرات کے قتل کیس کی تفتیش کا ملزم ہے، قتل کے اس واقعے میں تقریباً 17 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ تسنیم حیدر شاہ قتل کیس کی تفتیش کے دوران ملزم نامزد ہوا ہے اور ملزم تسنیم حیدر کا تعلق ضلع گجرات کے علاقے مدینہ سیداں سے ہے۔