اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 25 نومبر تک آرمی چیف کی تقرری کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے وزیر اعظم ہاؤس سمری موصول ہونے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔خواجہ محمد آصف نے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سمری وزارت دفاع سے آئندہ ایک دو روز میں بھجوا دی جائے گی، میڈیا جو اس وقت چلا رہا ہے وہ درست نہیں ہے، سمری میں جو 5 یا 6 نام ہوں گے تو ڈوزئیر بھی انکے ساتھ ہی آئیں گے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری سے متعلق ہمیں کوئی پریشر نہیں ہے، اتحادیوں کے ساتھ تبادلہ خیال ہر سطح پر ہورہا ہے، آرمی چیف کی تقرری کے عمل پر کوئی ڈیڈلاک نہیں ہے، سمری آئے گی تو ناموں پر بحث ہوگی۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سینئر موسٹ 5 یا 6 کے نام آجائیں گے انہیں میں سے فائنل ہوجائے گا، پاک فوج کی لیڈرشپ کو ناموں پر اعتماد لیکر فیصلہ ہوگا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی صحت سے متعلق بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وزیر اعظم مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں، وزیر اعظم سے ملاقات میں موجودہ حالات پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔