آرمی چیف کا نیول،ائیر ہیڈ کوارٹرز کا الوداعی دورہ

آرمی چیف کا نیول،ائیر ہیڈ کوارٹرز کا الوداعی دورہ
راولپنڈی : آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیول اور ائیر ہیڈ کوارٹرز کا الوداعی دورہ کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے الوداعی دورے جاری ہیں ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر آرمی چیف کو پاک بحریہ کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، نیول ہیڈکوارٹرز میں آرمی چیف نے پرنسپل سٹاف آفیسرز سے ملاقات کی۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات میں آرمی چیف نے پاکستان کی سمندری حدود کے دفاع کیلئے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ائیر ہیڈکوارٹرز آمد پر آرمی چیف کو پاک فضائیہ کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے ائیر ہیڈکوارٹرز میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ملاقات کی۔ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات میں آرمی چیف نے فضائی حدود کے دفاع میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا ۔ آرمی چیف نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے راولپنڈی کور کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا،یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ راولپنڈی کور ہیڈکوارٹرز میں آرمی چیف نے فوجی افسروں اور جوانوں سے خطاب کیا۔ پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ سیاچن اور اہل او سی سمیت ملکی سرحدوں کے دفاع میں آرمی چیف نے راولپنڈی کور کے کردار کو سراہا ۔ راولپنڈی کور ہیڈکوارٹرز آمد پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔