لیجنڈری کرکٹر ظہیر عباس کی طبیعت انتہائی ناساز، آئی سی یو میں داخل

لیجنڈری کرکٹر ظہیر عباس کی طبیعت انتہائی ناساز، آئی سی یو میں داخل
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ایشین بریڈ مین کے نام سے دنیا میں مشہور لیجنڈری کرکٹر ظہیر عباس کی طبیعت تشویشناک ہے۔ ان کا لندن کے ایک ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔ ان کو آئی سی یو میں اس وقت آکسیجن پر رکھا گیا ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ظہیر عباس نے برطانیہ کے سفر کے دوران متحدہ امارات کے شہر دبئی میں کچھ وقت قیام کیا تھا، جہاں سے وہ کورونا جیسی موذی وبا میں مبتلا ہو گئے۔ اس کے بعد ظہیر عباس لندن پہنچے تو ان کو نمونیا نے آ جکڑا جبکہ ان کے گردوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ حالت زیادہ خراب ہونے پر ان کو فوری ہسپتال منتقل کیا گیا۔ لندن کے ڈاکٹروں نے ظہیر عباس کی حالت کے پیش نظر ان کو فوری طور پر انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) منتقل کیا۔ خبریں ہیں کہ لیجنڈری کرکٹر کو اس وقت آکسیجن کے ذریعے سانس دی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں نے خاندان کے افراد کو منع کیا ہے کہ وہ ظہیر عباس سے نہیں مل سکتے تاہم انہوں نے اشاروں میں اپنی بیٹی سے بات کی۔ ظہیر عباس کی فیملی نے ان کے مداحوں سے دعائوں کی اپیل کی ہے۔ خیال رہے کہ ظہیر عباس کی عمر 74 سال ہے۔ انہوں نے اپنے کرکٹ کیریئر میں 62 ون ڈے اور 78 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور کئی ورلڈ کلاس اننگز کھیلیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔