مسلم دنیا کو درپیش مشکلات پر غور کیلئے او آئی سی اجلاس

مسلم دنیا کو درپیش مشکلات پر غور کیلئے او آئی سی اجلاس
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا اڑتالیسواں اجلاس اسلام آباد میں شروع ہو گیاہے۔ یہ دو روزہ وزارتی اجلاس اتحاد، انصاف اور ترقی کے لئے شراکت داری کے موضوع پر ہو رہا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں اور مبصر ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے وفود اجلاس میں شریک ہیں اور وہ تئیس مارچ کی یوم پاکستان پریڈ میں اعزازی مہمان ہوںگے۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہیں ۔ عرب لیگ اور خلیج تعاون کونسل سمیت او آئی سی کے غیر رکن ممالک کے حکام اور اقوام متحدہ اور علاقائی و عالمی اداروں کے اعلیٰ نمائندے بھی اجلاس میں موجود ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان اجلاس کی افتتاحی نشست سے کلیدی خطاب کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اسلامی دنیا کو سیاسی، سیکیورٹی ،سماجی اور اقتصادی شعبوں میں موجود مواقع اور درپیش چیلنجوں کے تناظر میں اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کی کانفرنس خصوصی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ عالمی وعلاقائی اہمیت کے معاملا ت پر غوروخوض سمیت کانفرنس میں فلسطین اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی دیرینہ حمایت کااعادہ کیا جائے گا۔ کانفرنس میں اسلام مخالف پروپیگنڈے کی روک تھام کاعزم دہرایا جائے گا اور ماحولیاتی تبدیلی، کورونا وباء سے بچائو کی ویکسین کی فراہمی میں ناہمواری اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں درپیش مشکلات پر غور کیا جائے گا۔ کانفرنس میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی سنگین خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس موقع پر جموں وکشمیر کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کاوزارتی اجلاس بھی ہوگا۔ وزارتی اجلاس میں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے گذشتہ سال دسمبر میں اسلام آباد میں ہونے والے غیر معمولی اجلاس میں افغانستان میں انسانی مصائب ومشکلات کے تدارک کے لئے کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔