(ویب ڈیسک ) سوات میں پولیس وین کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس میں 1 پولیس اہلکار شہید ہوگیا ہے جبکہ 3 زخمی ہیں۔
اس حوالے سے پولیس کہا کہنا ہے کہ مالم جبہ روڈ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکہ ہوا ہے۔ دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا ہے جس کی شناخت برھان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دھماکے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
پولیس وین دس سے زائد ممالک کے سفیروں کی سکیورٹی قافلے میں شامل تھی، قافلے میں روس، ایران، پرتگال، انڈونیشیا، تاجکستان، قازقستان اور ایتھوپیا کے سفیرموجود تھے جو محفوظ رہے ۔ سفیر چمیبرآف کامرس مینگورہ کی تقریب میں شرکت کے بعد مالم جبہ جارہے تھے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی مذمت:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سوات کے تھانہ مالم جبہ کی حدود میں پولیس وین کے قریب دھماکے کی مذمت کی ہےاور دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل برہان خان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید اہلکار برہان خان کے خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔انہوں نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہید پولیس اہلکار برہان خان نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا بلند رتبہ پایا۔ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر سپوت شہید برہان خان کو سلام پیش کرتے ہیں۔