ویب ڈیسک: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں سپورٹ کریں گے۔
محسن نقوی پشاور پہنچ کر وزیرِ اعلیٰ آفس آئے جہاں علی امین گنڈاپور نے ان کا خیر مقدم کیا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ملاقات میں امن و امان کی صورتحال اور کرم میں قیام امن کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ داخلہ اور وزیرِ اعلی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا کو قیامِ امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ کرم میں قیامِ امن اولین ترجیح ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کرم میں پائیدار امن کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے، شہداء ہمارے لیے سرمایۂ افتخار ہیں، ان کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ملاقات میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، مل کر دہشتگردی کے عفریت کا مقابلہ کریں گے۔