فرانس میں صرف ایک یورو میں اپنے گھر کا مالک بننے کا سنہری موقع

فرانس میں صرف ایک یورو میں اپنے گھر کا مالک بننے کا سنہری موقع
کیپشن: A golden opportunity to own your own home in France for just one euro

ویب ڈیسک: اٹلی میں کافی عرصے سے متعدد خطوں میں آبادی کو بڑھانے کے لیے ایک ڈالر کے عوض مکانات غیر ملکیوں کو فروخت کیے جا رہے ہیں۔ اب فرانس کے ایک قصبے کی جانب سے بھی اسی طرح کے پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے۔

جی ہاں واقعی فرانس کے سینٹ ایمنڈ مونٹرونڈ نامی قصبے میں 828 اسکوائر فٹ رقبے کے گھر محض ایک یورو میں دستیاب ہیں۔ ان سب گھروں میں 2 سونے کے کمرے ہوں گے جبکہ احاطہ اور ایک گیراج بھی موجود ہوگا۔

مگر ان گھروں کو کافی مرمت کی ضرورت ہوگی کیونکہ یہ اوسطاً 12 سال سے خالی ہیں اور ان کی تزئین نو پر ایک لاکھ ڈالرز سے زائد خرچ ہو سکتے ہیں۔

اسے خریدنے کے خواہشمند افراد کو فرانس کے اس قصبے میں ہی منتقل ہونا ہوگا۔

9 ہزار افراد پر مبنی قصبے کو ان بے آباد گھروں کو آباد کرنے والوں کی تلاش ہے۔

مقامی حکام کے مطابق ہم ایسے سنجیدہ افراد کے منتظر ہیں جو اپنی زندگی اس قصبے میں گزارنے کے لیے تیار ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم پرانی عمارات کو دوبارہ ٹھک کرنا چاہتے ہیں تاکہ خالی گھروں کی تعداد کم ہو اور قصبے کو نئی زندگی مل سکے۔

اس حوالے سے درخواستیں 15 جون تک جمع کی جائیں گی اور خواہشمند افراد کو تزئین نو کے منصوبے اور اپنی مالی حیثیت کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔

البتہ جو افراد قصبے کے گھر کو اثاثے یا کرائے پر دینے کے لیے خریدنے کے خواہشمند ہوں گے، ان کی درخواستوں کو مسترد کر دیا جائے گا۔

حکام کے مطابق گھر خریدنے والوں کو وہاں کم از کم 10 سال تک رہنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ گھروں کے نئے مالکان علاقے کی زندگی کا حصہ بنیں۔

گھر خریدنے کے خواہشمند افراد 15 مئی کے بعد وہاں جا کر جائزہ لے سکیں گے جس کے بعد ستمبر میں ان میں سے خوش قسمت افراد کا انتخاب ہوگا اور جنوری 2025 میں وہ وہاں جائیداد کے مالک بن جائیں گے۔

گھر خریدنے کے بعد 5 ماہ کے اندر گھر کی تزئین نو کا کام شروع کرکے اسے جولائی 2028 تک مکمل کرنا ہوگا۔

گھر کو نئی زندگی دینے کے لیے یہ افراد مالی معاونت کے لیے بھی درخواست دے سکیں گے۔

یہ دوسری بار ہے جب اس قصبے میں اس طرح ایک یورو میں گھر فروخت کیے جا رہے ہیں، اس سے قبل 2021 میں بھی اس پروگرام کے لیے 90 افراد نے درخواستیں دی تھیں۔