پاکستان مخالف عناصر کیخلاف افغانستان میں بڑا اقدام

پاکستان مخالف عناصر کیخلاف افغانستان میں بڑا اقدام
کابل (ویب ڈیسک ) افغانستان میں طالبان کی حکومت نے  پاکستان مخالف عناصر سے نمٹنے کیلئے اعلیٰ اختیاراتی کمیشن تشکیل دیدیا ہے، تحریک طالبان پاکستان پر دباؤ ڈالا جائے گا کہ وہ ہتھیار پھینک کر پاکستان واپس چلے جائیں اور اپنے گھر والوں کے ساتھ امن و امان کی زندگی گزاریں ۔ امریکی خبر رساں ادارے نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ افغان طالبان نے پاکستان کے ساتھ اپنے مخلصانہ روئیے کا ثبوت دیتے ہوئے ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیشن قائم کیا ہے جس کی یہ ذمہ داری ہو گی کہ وہ افغان میں چھپے ہوئے تحریک طالبان پاکستان کے رہنماؤں کو اس بات پر قائل کرے کہ وہ حکومت پاکستان کے ساتھ اپنے معاملات حل کرے ، افغان طالبان پاکستان سے ممکنہ معافی کیلئے بھی ان کی مدد کریں گے۔ یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ افغان طالبان ٹی ٹی پی کو یہ آپشن دلوائیں گے کہ وہ اپنے معاملات حل کرنے کے بعد پاکستان میں اپنے خاندان کے ساتھ پرامن زندگی بسر کریں۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک طالبان کے سرکردہ رہنما افغانستان میں چھپے ہوئے ہیں جبکہ افغانستان میں امن کیلئے وزیر اعظم عمران خان پرزور کوششیں کرنے میں مصروف ہیں۔