کے پی حکومت کا پی ڈی ایم قیادت کیخلاف مقدمات درج کرنے کا فیصلہ

کے پی حکومت کا پی ڈی ایم قیادت کیخلاف مقدمات درج کرنے کا فیصلہ
پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانات پر پی ڈی ایم قیادت کے خلاف مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ مقدمات کریمینل پروسیجر کوڈ کے سیکشن 196 کے تحت درج کئے جارہے ہیں، مقدمات درج کرنے کے لئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ڈی آئی خان منیر احمد کو سیکشن 196 کے تحت اختیارات تفویض کئے گئے ہیں۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ مقدمات پاکستان پینل کوڈ کے سیکشنز 108A 153A اور 505 کے تحت درج کئے جائیں گے، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سابقہ وفاقی وزیر و رہنما پی ٹی ائی علی امین گنڈاپور کی شکایت پر مقدمات درج کریں گا۔ مقدمات ماضی میں فوج، عدلیہ اور دیگر ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز اور اشتعال انگیز بیانات کی بناء پر درج کئے جارہے ہیں۔ ادھرتھانہ شرقی پشاور میں وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اور دیگر کے خلاف مقدمہ اندراج کے لئے ایک درخواست دائر کی گئی۔ فضل الرحمن، رانا ثناء اللہ، پرویز رشید ، عطا تارڑ، ایاز صادق، سعد رفیق اور دیگر حکومتی شخصیات کے شامل ہیں۔ درخواست میں کہا گیا کہ پی ڈی ایم قیادت نے دشمن ملک کے ایماء پر ماضی میں نفرت انگیز تقاریر کیں۔۔ اداروں کے خلاف تقاریر کرکے انہیں کمزور کرنے کی کوشش کی، نفرت انگیز بیانات پر ان رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ دوسری جانب پولیس اس معاملے پر خاموش ہے، پولیس ذرائع کے مطابق درخواست میں قانونی پیچیدگیاں ہیں۔ پرانی ویڈیوز کے ریکارڈ اور بیان سے متعلق ایف آئی اے ہی جانچ پڑتال کر سکتی ہے۔ کیس اسے بھجوایا جا سکتا ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔