ہیلی کاپٹر حادثے پر منفی سوشل میڈیا مہم میں کون ملوث؟ رپورٹ میں اہم انکشافات

ہیلی کاپٹر حادثے پر منفی سوشل میڈیا مہم میں کون ملوث؟ رپورٹ میں اہم انکشافات
اسلام آباد: لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پرمنفی پروپیگنڈے کی انکوائری رپورٹ میں اہم انکشافات ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لسبیلہ ہیلی کاپٹر کی انکوائری رپورٹ میں بڑے انکشافات ہوئے ہیں ۔ پاک فوج کے خلاف سوشل میڈیا ایکٹوسٹ اور ان کے سرغنہ کا سرغ لگا لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 178 اکاونٹس کا تعلق ایک بڑی سیاسی جماعت سے نکلا، سب سے زیادہ مہم چلانے والوں کا تعلق انہی اکاؤنٹس سے ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کل 580 اکاونٹس کے ذریعے 2 ہزار 350 پوسٹس کی گئی، لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا مہم میں 18 بھارتی اکاونٹس بھی شامل تھے۔ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ شہدا اور پاک فوج کے خلاف مہم چلانے والوں پر مقدمے درج کئے جائیں ، مقدمے پیکا اور تعزیرات پاکستان کے تحت درج کئے جائیں، ملوث افراد سے تفتیش کے بعد ان کے ہینڈلرز اور ماسٹر مائینڈز تک پہنچا جائے ، تفتیش کے ذریعے پتہ لگیا جائے کہ ان کو کون ہدایات جاری کر رہا تھا۔ خیال رہےکہ گزشتہ دنوں لسبیلہ میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کے دوران لاپتہ ہوگیا تھا، کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد ہیلی کاپٹرکا ملبہ موسیٰ گوٹھ سے ملا تھا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا جس کے باعث ہیلی کاپٹر میں سوار کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد سمیت 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔ بعد ازاں سوشل میڈیا پر اس حوالے سے منفی مہم چلائی گئی تھی جس کی پاک فوج نے شدید مذمت کی تھی جبکہ حکومت نے منفی سوشل میڈیا مہم کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا تھا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔