چیف جسٹس کا پنجاب اور کے پی میں انتخابات میں تاخیر پراز خود نوٹس

چیف جسٹس کا پنجاب اور کے پی میں انتخابات میں تاخیر پراز خود نوٹس
اسلام آباد : سپریم کورٹ کا 9 رکنی لارجر بنچ آج خیبرپختونخوا اور پنجاب میں انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر از خود نوٹس کیس کی سماعت کرے گا ۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات میں تاخیر پر از خود نوٹس کیس کی سماعت آج دن 2 بجے ہو گی۔چیف جسٹس کی سربراہی میں 9 رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جسٹس مظاہرعلی اکبرنقوی اور جسٹس اعجازالاحسن نے از خود نوٹس کے لئے معاملہ چیف جسٹس کو بھیجا تھا ، جس پر چیف جسٹس نے معاملے پر از خود نوٹس لیتے ہوئے نو رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا ہے ۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں بننے والے اس بینچ میں جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی،جسٹس مظاہرعلی اکبرنقوی، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس محمد علی مظہراور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں۔ انتخابات میں تاخیر کے حوالے سے بھی اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی درخواستیں معاملے کے ساتھ ہی سنی جائیں گی ۔ اعلامیے کے مطابق ازخودنوٹس میں دیکھا جائے گا کہ انتخابات کی تاریخ دینا کس کا اختیار ہے ؟ دیکھاجائے گا کہ انتخابات کروانے کی آئینی ذمہ داری کس نے اورکب پوری کرنی ہے؟ دیکھاجائے گا کہ فیڈریشن اور صوبوں کی آئینی ذمہ داری ہے کیا ؟ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر اور الیکشن کمیشن کے درمیان خط و کتابت بھی ہوئی ہے ، کہا جارہا ہے کہ صدر کو صوبائی الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیارنہیں ہے ۔ سپریم کورٹ کے مطابق پنجاب اور کے پی اسمبلیاں 14 اور 17 جنوری کو تحلیل ہوئیں ، آرٹیکل 224 دو کے تحت انتخابات اسمبلی کی تحلیل سے 90 روز میں ہونا ہوتے ہیں ، آئین یہ لازم قرار دیتا ہے کہ 90 دن میں انتخابات کروائے جائیں ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔