سرگودھا: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ سازش گھڑی چور کے خلاف نہیں نوازشریف کے خلاف ہوئی، نوازشریف کے خلاف سازش میں 5افراد کا ٹولہ شامل تھا۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں بھی سرگودھا نے نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا، نواز شریف بھی کبھی سرگودھا کا ساتھ نہیں چھوڑے گا، سرگودھا نواز شریف کے چاہنے والوں کا شہر ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف عوام کا نمائندہ تھا وہ کبھی مہرہ نہیں بنا، ہمارے کان پک گئے کہ سازش ہوگئی، سازش گھڑی چور کے خلاف نہیں نوازشریف کے خلاف ہوئی، نوازشریف کے خلاف سازش میں 5افراد کا ٹولہ شامل تھا۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے سارے لیڈروں کو چن چن کر نااہل کیا گیا، مسلم لیگ ن الیکشن جیتے گی، ن لیگ انتخابی مہم میں اتر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ جس کو صادق اور امین بنا کر پیش کیا گیا اس کی صداقت کے قصے پوری دنیا میں گھوم رہے ہیں، دونوں میاں بیوی چار سال صرف پیسہ بناتے رہے،مال لوٹتے رہے۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ یہ بزدل شخص 5ماہ سے ٹانگ پر پلاستر لگاکر بیٹھاہواہے، کارکنوں کیلئے جیلیں اور اپنے لیے بیلیں، کہتا تھا میں نواز شریف کی جیل سے اے سی اتاروں گا، نوازشریف ہر پیشی پر عدالت جاتاتھا مگر یہ بار بار بلانے کے باوجود نہیں جاتا، نوازشریف نے خود قربانی دی،کارکنوں کو ڈھال نہیں بنایا۔ مریم نواز نے کہا کہ پہلی جیل بھرو تحریک دیکھی جس میں پولیس اعلان کررہی ہے، جیل بھرو تحریک میں کارکنان آگے اور پولیس ان کے پیچھے تھی، لاہور کے ڈیڑھ کروڑ آبادی کے شہر میں،60،70 لوگ گرفتاری دینے کیلئے آئے۔