ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی، معروف بزنس اور محکمہ برائے حکومتی کارکردگی (DOGE) کے نگران ایلون مسک نے وفاقی ملازمین سے ایک ہفتے کی کارکردگی رپورٹ طلب کرلی، اور رپورٹ جمع نہ کروانے والے ملازمین کو مستعفی ہونے کا مشورہ دیا ہے۔
امریکا کے وفاقی ملازمین کو ہفتے کے روز ایک ای میل موصول ہوئی جس میں انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ گزشتہ ہفتے میں کی گئی 5 چیزوں کو دستاویز کریں۔
انہوں نے میل میں وفاقی ملازمین پر واضح کیا ہے کہ جو ملازمین جواب نہیں دیں گے وہ اپنی ملازمتوں سے محروم ہو جائیں گے۔
وفاقی ملازمین کو موصول ہونے والی ’آفس آف مینجمنٹ اینڈ بجٹ‘ کی ای میل میں سبجیکٹ لائن شامل تھی، ’آپ نے پچھلے ہفتے کیا کیا؟‘۔
ایلون مسک کی جانب سے بھیجی گئی میل میں ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی خفیہ معلومات کو چھوڑ کر گزشتہ ہفتے میں انہوں نے جو کچھ کیا ہے، اس کا 5 بلٹ پوائنٹس کے ساتھ جواب دیں۔ اسی کے ساتھ انہوں نے ملازمین کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ اپنے جوابات OMB ای میل ایڈریس اور اپنے سپروائزر کو بھیجیں۔
امریکی محکمہ برائے حکومتی کارکردگی (DOG) کے نگراں ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ ’ ای میل کا جواب دینے میں ناکام رہنے والوں کو ان کا استعفیٰ تصور کیا جائے گا‘۔
ایلون مسک نے اپنی پوسٹ میں واضح کیا ہے کہ ’یہ فیصلہ صدر ٹرمپ کی ہدایات کے مطابق ہے‘۔
واضح رہے کہ وفاقی ملازمین کے نام ایلون مسک کی ای میل کا جواب دینے کی آخری تاریخ پیر کی نصف شب تک ہے۔ تاہم کم از کم امریکا کی 2 ایجنسیوں نے اپنے ملازمین سے کہا ہے کہ وہ درخواست کو نظر انداز کریں اور جواب نہ دیں۔