’الیکشن کمیشن نے دودھ کی رکھوالی پر بلا بٹھا دیا ہے‘

’الیکشن کمیشن نے دودھ کی رکھوالی پر بلا بٹھا دیا ہے‘
لندن: سابق وفاقی وزیر داخلہ اور سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ متنازع شخص کی نگران وزیراعلیٰ نامزدگی نا صرف الیکشن کمیشن پر سوالیہ نشان ہے بلکہ ملک کے الیکشن کے تابوت میں بھی کیل ٹھونک دیا گیا ہے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ بالکل ایسے ہی ہے کہ جیسے دودھ کی رکھوالی پر بلا بٹھا دیا گیا ہے، یہ 13 جماعتیں جو مرضی کر لیں عوام کے فیصلے کو روکنا پاکستان کے ساتھ ناانصافی اور زیادتی ہی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک گھمبیر، سنگین، معاشی ، اقتصادی، اور سیاسی عدم استحکام سے گزر رہا ہے، اس موقع پر ایک ناپسندیدہ آدمی کو 60 فیصد آبادی والے صوبے کا نگران وزیراعلیٰ بنانا اس بات کی دلیل ہے کہ آپ اس ملک کے عوام کی توہین کر رہے ہیں، جمہوریت کا مذاق اڑا رہے ہیں، ذلت اور رسوائی آپ کا مقدر ہے ۔ سابق وزیر نے مزید کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کا راستہ روکنے کیلئے جو آپ یہ سارے اقدامات اٹھا رہے ہیں یہ سب آپ کے گلے میں پڑیں گے ، عوام کی فتح ہوگی، پاکستان اور اسلام کی فتح ہوگی، آپ نیست و نابود ہوں گے اور آپ کے تمام ارادے ناکام ہوں گے، پاکستان کی قوم آپ کو شکست دے گی ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔