پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا گیا، وزیر خزانہ

پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا گیا، وزیر خزانہ
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے عوام کو بڑی خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف کیساتھ بات چیت آخری مراحل میں ہے جبکہ آئندہ چند دنوں تک چین سے بھی ڈالرز آ جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ جب ہم حکومت میں آئے تو شدید نقصان اٹھا کر پیٹرولیم مصنوعات کو فروخت کیا جا رہا تھا لیکن قیمتوں میں اضافہ کرکے نقصان کو پورا کر لیا گیا ہے۔ اب پاکستان کو اس معاملے میں کوئی نقصان نہیں ہو رہا۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ میں یقین دہانی کراتا ہوں عالمی مارکیٹ میں جیسے ہی خام تیل کی قیمتیں نیچے آئیں ہم پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو کم کرنے کیلئے جو بس میں ہوا وہ کریں گے۔ ہم عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کو دیکھ رہے ہیں۔ عمران خان نے یکطرفہ طور پر تیل کی قیمتیں کم کرکے آئی ایم ایف کیساتھ معاہدہ توڑ دیا تھا۔ وفاقی وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ سٹاک مارکیٹ میں مندی اور بڑھوتری ہوتی رہتی ہے۔ تاہم اب اس میں بہتری آئی ہے جبکہ پاکستانی کرنسی روپے کی قدر میں بھی استحکام ہونے جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے کہہ سکتے ہیں کہ ہم نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچائیں۔ چاہے ہماری غلطی ہو یا نہ ہو، ہم ایک ایک چیز کی قیمت کے ذمہ دار ہیں۔ یہ فیصلے وزیراعظم کے لیے بہت مشکل تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ساری ساری رات بیٹھ کر آئی ایم ایف سے بات کرتے ہیں اسی وجہ سے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ عمران خان بتائیں کہ وہ پاکستان کو سری لنکا کیوں بنانے جارہے تھے؟ ہم نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھاکر پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ ہمیں 200 ارب کا خسارہ ملا۔ عمران حکومت پاکستان کو دیوالیہ ہونے کی نہج پر چھوڑ کر گئی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔