اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ (EIU) نے گلوبل لئیو ایبلٹی انڈیکس 2022 کی سالانہ رپورٹ شائع کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کراچی رہائش کیلئے دنیا کا پانچواں بدترین شہر ہے۔ اس فہرست میں دنیا بھر کے 173 شہروں کو شامل کرکے ان کی درجہ بندی طبی سہولیات، جرائم کی شرح، سیاسی استحکام، سرسبز جگہوں تک رسائی اور دیگر عناصر کو مدنظر رکھ کر کی گئی۔رپورٹ کے مطابق آسٹریا کا دارالحکومت ویانا رہائش کے لحاظ سے دنیا کا بہترین شہر ہے۔ ڈنمارک کا دارالحکومت، کوپن ہیگن، دوسرا سب سے بہترین شہر ہے۔ زیورخ (سوئٹزرلینڈ) اور کیلگری (کینیڈا) مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر رہے ۔وینکوور (کینیڈا) کا اس فہرست میں پانچواں نمبر ہے۔ سوئس شہر جنیوا چھٹے، جرمنی کا شہر فرینکفرٹ 7 ویں، کینیڈا کا شہر ٹورنٹو 8 ویں، نیدرلینڈز کا شہر ایمسٹرڈیم 9 ویں جبکہ جاپانی شہر اوساکا اور آسٹریلیا کا شہر میلبورن مشترکہ طور پر 10 ویں نمبر پر رہے۔ دوسری جانب رہائش کے لیے سب سے ناموزوں شہروں میں شام کے دارالحکومت دمشق کا پہلا نمبر پر ہے، نائیجیریا کے شہر لاگوس کا اس فہرست میں دوسرا جب کہ لیبیا کا دارالحکومت طرابلس تیسرے نمبر پر ہے۔ الجزائر کا دارالحکومت الجزائر چوتھا سب سے ناموزوں شہر ہے۔ پاکستان کا معاشی حب کراچی گلوبل لیوایبلٹی انڈیکس میں پانچویں نمبر پر ناموزوں شہر ہے۔