عام نزلہ، زکام سے کورونا وائرس کا علاج ممکن ہے؟

عام نزلہ، زکام سے کورونا وائرس کا علاج ممکن ہے؟

ویب ڈیسک: کورونا وباء اور اس کے انسانی صحت پر اثرات کے بارے میں آئے روز نئی تحقیقات سامنے آ رہی ہیں جن میں کئی دفعہ حیران کن انکشاف بھی ہوتے ہیں۔ محققین کا خیال ہے کہ کورونا وائرس اپنی ہیت کے اعتبار سے دیگر وبائی وائرسسز سے قدرے مختلف ہے۔

کورونا وائرس کی مختلف خصوصیات کئی بار محققین کو بھی حیران و پریشان کر دیتی ہیں، حال ہی میں سامنے آنے والی ایک تحقیق میں پتہ چلا ہے کہ عام روٹین کا نزلہ، زکام انسانی اعضاء میں کورونا وائرس کو مات دے سکتا ہے۔ عام طور پر سمجھا جاتا ہے کہ نزلہ زکام کورونا کے مریضوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے تاہم اس نئی تحقیق نے ایسے تاثر کی نفی کی ہے، سائنسی اعتبار سے دیکھا جائے تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ انسانی جسم میں کئی قسم کے وائرس آپس میں لڑنے کے بعد دوسروں وائرس پر قابو پا لیتے ہیں، پھر وہی وائرس جسم میں انفیکشن کا سبب بنتا ہے جو دوسروں سے زیادہ بااثر ہوتا ہے۔

گلاسکو یونیورسٹی کے سائنسدانوں کی جانب سے کی جانے والی ریسرچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اگر کورونا وائرس کی لڑائی عام نزلہ زکام کے وائرس رائنو وائرس سے ہو تو پھر کورونا کی شکست ہوتی ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس کی افادیت کم وقت کے لیے ہی ہوتی ہے تاہم نزلہ زکام کا وائرس اس قدر پھیلا ہوا ہے کہ یہ ابھی بھی کووڈ 19 کے خلاف مزاحمت پیدا کر سکتا ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق یہ بات بھی اہم ہے کہ ایک بار اگر کسی بھی قسم کا وائرس انسانی جسم میں داخل ہو جائے تو پھر وہ دوسرے وائرس کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھتا ہے اور اسے شکست دیکر ہی اپنا کام کرتا ہے تاہم انفلوئنزا زیادہ تر خود ہی انسانی جسم کو متاثر کرتا ہے۔ گلاسکو یونیورسٹی کے ڈاکٹر پابلو مورشیا نے اس متعلق کہا کہ کووڈ 19 کو رائنو وائرس کے مقابلے میں انفیکشن پھیلانے کا موقع ہی نہیں ملتا اور اس دوران رائنو وائرس اس پر حاوی ہو جاتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اگر انسانی جسم میں رائنو وائرس کی تعداد زیادہ ہو تو یہ نئے کورونا وائرس کو نقصان پہنچانے سے روکے رکھتا ہے۔

مشاہدے میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ نزلہ زکام کا وائرس ماضی میں سوائن فلو کے پھیلاؤ میں بھی کمی کا سبب بنا تھا۔ تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ نزلہ زکام کا وائرس ایسا مدافعتی نظام وضع کرتا ہے جو کووڈ کے مزید پھیلاو میں رکاوٹ کا سبب بنتا ہے۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔