صدرمملکت اور وزیراعظم نے یوم پاکستان پر خصوصی پیغام جاری کردیا

صدرمملکت اور وزیراعظم نے یوم پاکستان پر خصوصی پیغام جاری کردیا
کیپشن: The President and the Prime Minister issued a special message on Pakistan Day

ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے پوری قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں سب مل کر پاکستان کیلئے جدوجہد کریں۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزادی سے لے کر اب تک کے سفر میں ہم نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، افواج، سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیر متزلزل عزم کے ساتھ سلامتی اور خودمختاری کو یقینی بنایا، دہشت گردی کیخلاف دو دہائیوں پر محیط جنگ میں ان کا فاتحانہ کردار رہا۔

صدر نے مزید کہا ہے کہ آج اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کیلئے بے مثال قربانیوں کو بھی تسلیم کرتے ہیں، پاکستان کو اسرائیلی فورسز کی جانب سے معصوم فلسطینیوں کے اندھا دھند قتل، تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں پر مسلسل حملوں پر گہری تشویش ہے، پاکستان 1967ء سے قبل کی سرحد کے مطابق القدس شریف میں دارالحکومت پر مبنی ایک آزاداور پائیدار ریاست کا حامی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عوام نے 8 فروری کے انتخابات میں اپنے نمائندوں کو منتخب کیا، مہنگائی، بیروزگاری، گردشی قرضے، مالیاتی اور تجارتی خسارے سے آگاہ ہیں، مربوط پالیسی اصلاحات کے ذریعے ملکی معاشی بحالی اور خوشحالی کیلئے پرعزم ہیں، غیر کا مقابلہ کرتے ہوئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا اور وقت کی کسوٹی پر پورا اترنا ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ امید ہے ان اقدامات سے ہم مہنگائی کی موجودہ لہر پر قابو پا لیں گے، یہ نہیں بھولنا چاہیے ہمارے آج کے فیصلے آئندہ نسلوں کے مستقبل کا تعین کریں گے، آئیں سب مل کر ایک ایسے پاکستان کیلئے جدو جہد کریں جو مذہبی، نسلی اور سیاسی تفریق سے پاک ہو۔

Watch Live Public News