کراچی (پبلک نیوز) سندھ بھر کے تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل موجودہ کوووڈ کی صورتحال کے پیش نظر آئندہ احکامات تک معطل رہے گا۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل کی معطلی کے دوران ہیڈ ماسٹرز اور تدریسی عملہ 50 فیصد کی حاضری کے احکامات کے تحت آسکیں گے۔ اس دوران آن لائن کلاسز کا عمل جاری رکھا جائے۔ سعید غنی نے کہا ہے کہ بچوں کو آن لائن کلاسز کے ساتھ ساتھ ہوم ورک کے لئے مائکروسافٹ، ای میل، واٹس اپ سمیت دیگر متبادل ذرائع سے تعلیمی عمل ہر ممکن جاری رکھا جائے۔ تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے جاری کردہ سلیبس کے تحت اپنا کورس مکمل کرائیں۔یاد رہے کہ پنجاب کے 16 اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیاگیا ہے جو ہفتہ میں چار دن کے لیے کھولنے کی اجازت ہو گی۔