27 اپریل سے حکومت کی الٹی گنتی شروع ہے، شیخ رشید

27 اپریل سے حکومت کی الٹی گنتی شروع ہے، شیخ رشید
سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 27 اپریل سے حکومت کی الٹی گنتی شروع ہے، مذاکرات جھانسہ ہے، قوم کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ سارے راستے عدلیہ سے نکلیں گے، حکومت عدلیہ کا فیصلہ ماننے سے انکاری ہے جو آئین اور قانون سے کھلی بغاوت ہے، حکومت عدلیہ کے فیصلوں کی نافرمانی حکم عدولی پر اتر آئی، عدلیہ نے فیصلوں کی حفاظت کرنی اور عملدرآمد کرانا ہے۔ شیخ رشید نے کہا جب حکومت عدالتی فیصلوں کااحترام نہ کرے تو معاشرہ خانہ جنگی اور انتشار کا شکار ہو جاتا ہے، فضل الرحمان جمہوری نظام کو لپیٹ دینا چاہتے ہیں کیونکہ وہ خود اسمبلی میں نہیں، انتخاب سے بائیکاٹ کرنا یا فرار ہونا سپریم کورٹ کی سر دردی نہیں ہے، الیکشن سے باہر ہوں یا عدلیہ سے باہر ہوں فیصلہ حکومت پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن میں جانے کے اور عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے، 21 ارب ٹرانسفر نہ ہوئے تو حکومت کی اقتدار سے ٹرانسفر ہو جائے گی، حکومت عدلیہ کی تذلیل چاہتی ہے لیکن رسوائی حکومت کا مقدر ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔