پبلک نیوز: مظفرگڑھ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے طلبہ و طالبات اور فیکلٹی نے ملتان گیریژن کا دورہ کیا اور ایک دن پاک فوج کے ساتھ گزارا۔
تفصیلات کے مطابق طلباء کو پاک فوج کی ملک و قوم کے لیے دی گئی لازوال قربانیوں اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے بارے میں بریفنگ دی گئی،انہیں فوجی طرز زندگی اور روزمرہ کے معمول کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی گئی،طلبہ و طالبات نے فوجی سرگرمیوں کا عملی نمونہ بھی دیکھا جس سے وہ خوب محظوظ ہوئے۔
طلباء کوسیلف پروپیلڈ آرٹلری گنز کے بارے میں معلومات دی گئیں اور فا ئرنگ کے طریقہ کار کے بارے میں بتایا گیا،انہیں جنگ میں استعمال ہونے والے چھوٹے ہتھیاروں اور کمیونیکیشن سسٹمز کے بارے میں بریفنگ دی گئیں۔ ان ایکٹوٹیز سے طلبہ و طالبات بہت متاثر ہوئے،اس دورے کا مقصد عوام اور فوج کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
طلباء کا یہ کہنا تھا کہ پاک فوج پاکستان کا دفاع بہت اچھے طریقے سے کر رہی ہے، پاک فوج کی ٹریننگ کو دیکھ کر لگتا ہے کہ کوئی بھی دشمن ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا،ہم اپنی پاک فوج کے شہداء کی وجہ سے آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے۔