پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کے خلاف غیرلائسنس شدہ اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق شہباز گل کا بیان ہے پستول اس کے ملازم کا ہے اوراس کا لائسنس بھی ہے، شہباز گل کوملازم کولائسنس سمیت پیش کرنے کی ہدایت کی تھی لیکن وہ اب تک ملازم اورنائن ایم ایم پستول کا لائسنس پیش نہیں کرسکے۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ شہبازگل نےاسلحہ بغیرلائسنس واجازت نامہ رکھ کرجرم کا ارتکاب کیا۔ پولیس کے مطابق شہباز گل پارلیمنٹ لاجز کے کمرے سے برآمد پستول کا لائسنس پیش نہیں کرسکے، انہیں برآمد پستول کا لائسنس پیش کرنے کیلئے 12 گھنٹوں کی مہلت دی گئی تھی۔ خیال رہے کہ گزشتہ شب اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گل کے کمرے پر چھاپہ مارا تھا جہاں سے سیٹیلائٹ فون اور پستول سمیت کئی اشیا برآمد کی گئیں تھیں۔