راولپنڈی: ( پبلک نیوز) بلوچستان میں ضلع کیچ میں دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے ہیں۔ دونوں شہید وطن کی حفاظت کیلئے ایک چیک پوسٹ پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں لانس نائیک منظر عباس اور سپاہی عبدالفاتح شہید ہو کر وطن کی راہ میں قربان ہو گئے۔ دہشت گردوں کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ لانس نائیک منظر عباس شہید کا تعلق خوشاب جبکہ سپاہی عبدالفاتح شہید کا تعلق خضدار سے ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز دشمن عناصر کی کارروائیوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ دشمن عناصر کا مقصد بلوچستان میں امن و استحکام اورترقی کو متاثر کرنا ہے۔