لاہور(پبلک نیوز) اینٹی کرپشن نے پنجاب بھر سے تین کرپٹ سرکاری اہلکار دھر لئے۔
تفصیلات کے مطابق ایک کاروائی میں اینٹی کرپشن نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواراٹر ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال کے سٹور کیپر علی صفدر کو گرفتار کیا۔ ملزم پر ڈی ایچ کیو کے 130 اے سیز اور 400 پنکھوں میں خُرد بُرد کرنے کا الزام ہے۔
اینٹی کرپشن کی جانب سے دنیا پور سے پٹواری بشیر احمد کو رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ملزم سے ریڈنگ مجسٹریٹ کی موجودگی میں پانچ ہزار کے نشان زدہ نوٹ برآمد ہوئے۔ حکام کے مطابق ملزم پٹواری نے وراثتی زمین کے انتقال کے لئے چائے پانی کی مد میں رشوت وصول کی۔
ایک اور معاملے میں سرکل آفیسر گجرات نے اشتہاری ملزم نوید اقبال کو گرفتار کیا۔ ملزم نوید نے سیکرٹری یونین کونسل کی ملی بھگت سے نکاح نامہ میں ردوبدل کیا۔