وزیراعظم عمران خان اور روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان آج(جمعرات) ماسکو میں معاونین کے بغیر ملاقات ہوئی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی معاملات کے کثیر جہتی ایجنڈے پرغور کیاگیا۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات بشمول اقتصادی اورتوانائی کے شعبوں میں تعاون خصوصاً پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن کاجائزہ لیا ۔ یوکرین میں وقوع پذیر منظر نامے سمیت علاقائی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی ۔ روس کے صدر نے وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا ۔ اس سے قبل کریملن میں آمد پرروس کے صدر نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا ۔ وزیراعظم کے ہمراہ اعلی سطحی وفد بھی گیا ہے جس میں وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی ، چوہدری فواد حسین، اسد عمر، حماد اظہر، مشیرتجارت عبدالرزاق دائود، قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور قومی اسمبلی کے رکن عامرمحمود کیانی شامل ہیں۔