(ویب ڈیسک ) بھارتی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے خلاف میچ کے دوران ایک قیمتی رچرڈ مل RM 27-02 گھڑی پہن کر سب کی توجہ حاصل کر لی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس گھڑی کی قیمت آٹھ لاکھ ڈالر (تقریباً 22 کروڑ 39 لاکھ پاکستانی روپے) ہے۔
بھارتی خبر ایجنسی کے مطابق ہارڈک پانڈیا نے پاکستان کیخلاف میچ میں عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 اوورز میں 31 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ لیکن ان کی مہنگی گھڑی سب کی توجہ کا مرکز بنی رہی ۔
ہاردک پانڈیا کو مہنگی گھڑیوں سے کافی محبت ہے تاہم پاکستان کے خلاف میچ میں ان کے ہاتھ میں موجود رچرڈ مل RM 27-02 گھڑی نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر دیا۔اس گھڑی کی قیمت 800000$ ہے جو کہ تقریباً 22 کروڑ 39 لاکھ پاکستانی روپے بنتی ہے۔
یہ نایاب گھڑی اصل میں ٹینس لیجنڈ رافیل نڈال کے لیے ڈیزائن کی گئی تھی اور اپنے جدید کاربن ٹی پی ٹی یونی باڈی بیس پلیٹ کے لیے مشہور ہے، جو غیر معمولی جھٹکوں کو برداشت کرنے اور پائیداری کو یقینی بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ دنیا بھر میں صرف 50 ایسی گھڑیاں تیار کی گئی ہیں ۔