ویب ڈیسک: (علی زیدی) روزمرہ زندگی میں اکثر اوقات ایسے ناخوشگوار واقعات رونما ہوجاتے ہیں جو اپنے بہت گہرے نقش چھوڑ جاتے ہیں اور نہ چاہتے ہوئے بھی ان تلخ یادوں کو بھلانا ناممکن ہوجاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایسا ہی کچھ ناگہانی موت کی صورت میں بھی ہوسکتا ہے۔ جیسا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں مہاوت کی عبرتناک موت نے دیکھنے والوں کو غمزدہ کردیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس کا مقام بھارتی شہر بنگال بتایا جارہا ہے۔ ویڈیو میں ایک ہاتھی کو اپنے مہاوت کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔ مہاوت ہاتھی کو لکڑی کی چھڑی کی مدد سے ہانک رہا ہے۔ جس پر اچانک ہاتھی ردعمل دیتا ہے اور پہلے مہاوت کو گرا کر اس کی ٹانگوں پر اپنے پاؤں سے پورا وزن ڈال دیتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہاتھی کا غصہ یہاں ہی ٹھنڈا نہیں ہوتا۔ وہ مہاوت کے جسم کو اپنی پاؤں تلے کچل دیتا ہے اور اس کے بعد اپنی سونڈ کی مدد سے مہاوت کو اٹھا کر دور پٹخ دیتا ہے۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین جہاں غمزدہ ہیں وہیں دیگر افراد کو جنگلی جانوروں کے پاس جاتے ہوئے احتیاط برتنے کا مشورہ بھی دے رہے ہیں۔