(ویب ڈیسک ) اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے اپنے 12 ویں بچے کی پیدائش کی تصدیق کی ہے۔
پچھلے دنوں یہ خبریں سامنے آرہی تھیں کہ ایلون مسک اور انکی کمپنی نیورالنک کی عہدیدار شیون زیلیس کے ہاں چند ماہ قبل تیسرے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔جس کی اب تصدیق ایلون مسک نے خود کردی ہے۔
ایک انٹرویو میں ایلون مسک سے سوال کیا کہ کیا انہوں نے اپنے 12 ویں بچے کو خفیہ رکھا ہوا ہے؟جس پر انہوں نے جواب دیا کہ 'خفیہ طور پر باپ بننے کی رپورٹس غلط ہیں، ہمارے سب دوست اور گھر والے اس سے واقف ہیں، البتہ اس بارے میں پریس ریلیز جاری نہیں کی گئی، مگر اسے خفیہ رکھنا تو نہیں کہا جا سکتا'۔
تاہم شیون زیلیس اور ایلون مسک نے بچے کا نام یا جنس سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔
واضح رہے کہ ایلون مسک اور شیون زیلین کے ہاں نومبر 2021 میں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی تھی اور اب یہ ان کا تیسرا بچہ ہے جس کے بعد ایلون مسک کے 12 بچے ہوگئے ہیں۔
ایلون مسک اور پہلی بیوی جسٹن مسک کے 6 بچے ہوئے تھے جن میں سے 5 زندہ ہیں جبکہ 1 انتقال کرگیا تھا۔ کینیڈین گلوکارہ گرائمز سے ان کے 3 بچے ہیں۔