اتحادیوں کی سپورٹ سرپرائز کا حصہ ہے: فواد چودھری

اتحادیوں کی سپورٹ سرپرائز کا حصہ ہے: فواد چودھری
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کا حصہ ہیں اور رہیں گے۔ اتحادیوں کی سپورٹ بھی اسی سرپرائز کا حصہ ہے جس کا ذکر وزیراعظم نے کیا ہے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے تمام جج صاحبان قابل احترام ہیں۔ ہم مسلم لیگ ن کی بنچ کے خلاف مہم کی مذمت کرتے ہیں۔ مائی وے اور ہائی وے انتہائی نامناسب ہے، یہ ن لیگ کا وطیرہ ہے۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہمیں سپریم کورٹ پر مکمل اعتماد ہے۔ امید ہے کہ معاملات آئین اور قانون کے مطابق آگے بڑھیں گے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے رکن کی حیثیت سے میرے اس کی باڈی پر شدید تحفظات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ بار تمام لوگوں سے ووٹ لے کر منتخب ہوتی ہے۔ بار ایسوسی ایشن کو کسی ایک سیاسی جماعت کی سبسڈری نہیں بننا چاہیے۔ پاکستان کی تمام بار کونسلز کو سپریم کورٹ بار کے ایسے لوگوں کے رویے اور کردار کا نوٹس اور ان کے محاسبے کے لئے آگے بڑھنا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری دنیا میں بار ایسوسی ایشنیں سیاسی معاملات پر خود کو بالاتر رکھتے ہوئے کردار ادا کرتی ہیں لیکن یہاں بار ایسوسی ایشن نے اپنے آپ کو ایک سیاسی جماعت سے جوڑ لیا ہے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی باڈی میں ایک دو لوگوں نے سپریم کورٹ بار کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی رویے کی وجہ سے لاہور بار میں اس گروپ کو شکست ہوئی۔ وکلا نے بار ایسوسی ایشن کی موجودہ قیادت سے نفرت کا اظہار کیا ہے۔ اس پر مزید آواز اٹھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری تمام تر توجہ 27 مارچ کے جلسہ پر ہے۔ شطرنج کا جو کھیل اپوزیشن نے شروع کیا، اسے ختم ہم کریں گے۔ سپریم کورٹ نے جلسوں کے حوالے سے فیصلے میں واضح گائیڈ لائنز دے دی ہیں۔ فواد چودھری نے بتایا کہ اپوزیشن نے جلسے کی تاحال درخواست نہیں دی۔ کل اپوزیشن نے اپنا پروگرام بھی تبدیل کر دیا ہے۔ لگتا ہے کہ اپوزیشن جلسہ نہیں کرے گی۔ 27 مارچ کو صرف پی ٹی آئی کا جلسہ ہوگا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔