لاہور(پبلک نیوز)سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہمیشہ سے میرا گھر رہا ہے، حکومتی آرڈیننس کے بعد حلف لینے کا فیصلہ کیا، کیونکہ یہ ایک سیاسی پیش رفت ہے. آج کہا گیا کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی عدم موجودگی کے باعث حلف نہیں لے سکتا یہ بالکل غلط ہے.
انہوں نے کہا ایک ہفتے قبل ہی پنجاب اسمبلی کو حلف لینے کے بارے میں آگاہ کر دیا تھا.ہو سکتا ہے کل یا پرسوں عدالت چلا جاؤں،کسی سیاسی کھیل کا حصہ نہیں بننا چاہتا، سیاسی معاملات پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔ ملک کو مفاہمت کی ضرورت ہے۔بعدازں وہ حلف لیے بغیر واپس روانہ ہو ئے۔
واضح رہے کہ چوہدری نثار علی خان 2018 کے انتخابات میں پی پی 10 راولپنڈی سے آزاد حیثیت سے منتخب ہوئے تھے مگر انہوں نے ایم پی اے کے طور پر حلف نہیں اٹھایا تھا۔ گزشتہ روز انہوں نے حلقہ کے ووٹرز ،سپورٹرز اور عمائدین کی مشاورت کے بعد حلف اٹھانے کا فیصلہ کیا اور فیصلے سے باضابطہ طور پر پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کو آگاہ کر دیا تھا۔