اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیمرا کو ٹی وی چینلز کیخلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا

عدالتی رپورٹنگ پر پابندی کیخلاف پیمرا اور سیکرٹری اطلاعات کو نوٹس جاری
کیپشن: Notice issued to PEMRA and Information Secretary against ban on court reporting

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیمرا کے نوٹیفکیشن کو معطل کرنے کی متفرق درخواست پر نوٹس جاری کر دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیمرا کو ٹی وی چینلز کیخلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا .

عدالت نے پیمرا اور سیکریٹری اطلاعات کو نوٹس جاری کر دیے اور مزید سماعت 28 مئی تک ملتوی کر دی۔

اس سے قبل آج ہی پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے بھی پیمرا کا عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

پی ایف یو جے کی جانب سے وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل عادل عزیز قاضی کے ذریعے درخواست دائر کی گئی۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ پیمرا کا عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کا 21 مئی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔

استدعا کی گئی کہ پیمرا کو انسانی بنیادی حقوق کے خلاف کوئی بھی نوٹیفکیشن یا حکم دینے سے روکا جائے۔

درخواست میں پی ایف یو جے نے مؤقف اختیار کیا کہ 21 مئی 2024ء کو پیمرا کی جانب سے 2 نوٹیفکیشنز کا اجراء ہوا۔

پی ایف یو جے نے مؤقف اپنایا کہ ٹی وی چینلز کو عدالتی کارروائی رپورٹ نہ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے، صرف عدالتی تحریری حکم ناموں کو ہی رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پیمرا کا یہ نوٹیفکیشن اسی عدالت میں پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے بھی چیلنج کیا تھا۔

Watch Live Public News