ویب ڈیسک: پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے چینی فرم(MCC Tongsin Resources) کو پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے اور اسے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کان کنی اور معدنیات کا شعبہ ایس آئی ایف سی (SIFC) کے ترجیحی شعبوں میں شامل ہے جس میں گزشتہ ایک برس میں کافی پیش رفت ہوئی ہے۔
چینی فرم(MCC Tongsin Resources) ایک تحقیقی اور سرمایہ کاری کمپنی کے طور پر چائنا میٹالرجیکل گروپ کارپوریشن (MCC Group ) کا حصہ ہے، جس کا شمار دنیا کے بڑے میٹالرجیکل کنسٹرکشن کنٹریکٹر(Metallurgical Construction Contractor) میں ہوتا ہے۔
چینی فرم نے پاکستان میں کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور وزیر اعظم کو پاکستان میں کان کنی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور مزید سرمایہ کاری کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
اس دورے کا مقصد چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانا اور بیجنگ کو یقین دلانا ہے کہ پاکستان، ملک میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنائے گا۔
چین نے اب تک CPEC کے معاہدے کے مطابق توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں 65 بلین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے۔