جدہ: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں سیمنٹ نگل کر خود کشی کی کوشش کرنے والے ایک پاکستانی مزدور کو بچا لیا گیا ہے۔ یہ کارنامہ جدہ کے کنگ عبدالعزیز ہسپتال کے ڈاکٹروں نے سرانجام دیا۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ میں شائع خبر کے مطابق پاکستانی مزدور نے خود کشی کی کوشش کرتے ہوئے سیمنٹ کھا لیا تھا۔ اس اقدام سے اس کا معدہ پتھر بن گیا۔ اسے تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم نے جان شفانی سے کام کرتے ہوئے اس کے پیٹ کو صاف کیا اور اس کی جان بچا لی۔ کنگ عبدالعزیز ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹروں نے پاکستانی مزدور کے مختلف ایکسرے لئے اور فوری آپریشن کا فیصلہ کیا۔ یہ آپریشن لگ بھگ تین گھنٹے تک جاری رہا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹروں کی ٹیم نے معدے سے سیمنٹ کی تہہ صاف کر دی ہے جو اس کی آنتوں میں جم گیا تھا۔ خود کشی کی کوشش کرنے والے اس پاکستانی مزدور کی عمر 30 سال تک بتائی جاتی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے اور صحت مستحکم ہو رہی ہے۔