کراچی ( پبلک نیوز) سندھ میں اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف سندھ کے مرکزی رہنما حلیم عادل شیخ کی دوسری شادی منظر عام پر آ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق رکن سندھ اسمبلی اور پی ٹی آئی کی رہنما دعا بھٹو اور حلیم عادل شیخ کی خفیہ شادی کا پردہ چاک ہو گیا ہے۔ یہ راز تب کھلا جب بچے کی پیدائش پر دعا بھٹو نےسوشل میڈیا پر اسٹیٹس لگا دیا۔ دعا بھٹو کی جانب سے پیغام رسانی کی ایپلی کیشن واٹس ایپ کی پروفائل پکچر کے طور پر بھی بچے کا نام لکھ دیا گیا ہے۔ بچے کا نام کامل حلیم عادل شیخ لکھا گیا ہے۔ خیال رہے کہ دعا بھٹو کی وابستگی پاکستان تحریک انصاف سے ہے جبکہ ان کے نام کے ساتھ بھٹو کے باوجود کہا جاتا ہے کہ ان کا تعلق سندھ کے بھٹو خاندان سے نہیں ہے۔ دعا بھٹو رکن سندھ اسمبلی 2018 میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران خواتین کی مخصوص نشست پر پی ٹی آئی کی امیدوار کی حیثیت سے منتخب ہوئیں۔