آنکھوں کو متاثر کرنے والے انجیکشن کو مارکیٹ سے اٹھالیا گیا ہے. تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیرصحت ڈاکٹر ندیم جان کہتےہیں کہ جعلی انجیکشن فراہم کرنےوالے دوسپلائر کےخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، معاملے کی تحقیقات کےلیے کمیٹی بھی تشکیل دےدی ہے، کمیٹی3 دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی، ملتان، صادق آباد، لاہور اور قصور میں یہ واقعات ہوئے ہیں، تمام تحقیقات کے بعد حتمی رپورٹ پیش کردی جائے گی۔ خیال رہے کہ لاہور میں گذشتہ کئی روز سے آشوب چشم کے مرض میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے لوگوں کی آنکھیں متاثر ہو رہی ہیں۔ سنیچر کو آنکھوں کے غیرمعیاری اور جعلی انجیکشن کا معاملہ سامنے آیا جس سے اب تک شوگر کے کئی مریضوں کی بینائی متاثر ہوئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ جعلی انجیکشن شوگر کے اُن مریضوں کے لیے بنایا گیا تھا جن کی بینائی کمزور تھی، تاہم غیرمعیاری ہونے کے باعث آنکھوں پر اس کا الٹا اثر پڑا ہے اور کئی مریضوں کی بینائی متاثر ہوگئی ہے۔ ماہرین امراض چشم کے مطابق ’ جعلی انجیکشن سے شوگر کے مریضوں کی آنکھوں کے پردے متاثر ہوئے جبکہ انفیکشن سے متعدد افراد کی بینائی بھی ضائع ہوگئی تھی۔‘