وزیراعظم سے ’عینک والا جن‘ کے کرداروں کیلئے مدد کی درخواست

وزیراعظم سے ’عینک والا جن‘ کے کرداروں کیلئے مدد کی درخواست

اداکارہ یاسر حسین نے وزیر اعظم عمران خان سے " عینک والا جن" کی کاسٹ کو تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ اداکار نے 90 کی دہائی کا شو ختم ہونے کے بعد سے اس کے اداکاروں کو پیش آنے والے مالی بحران کو اجاگر کیا ہے۔

معروف اداکار یاسر حسین نے حال ہی میں شو رائلٹی سے متعلق ہونے والی بحث میں عینک والا جن کی کاسٹ کے ساتھ وزیر اعظم عمران خان کی ایک تصویر شیئر کی ۔ تصویر میں یاسر حسین نے ان مالی مشکلات کی طرف توجہ مبذول کروائی جن سے ان اداکاروں کو 90 کی دہائی میں کامیڈی شو کے ختم ہونے کے بعد گزرنا پڑا۔

یہ پوسٹ اس وقت کی گئی ہے جب مختلف اداکاروں کی جانب سے ان کے کام کی رائلٹی کے حصول کے لیے ایک ملک گیر مہم چلائی جا رہی ہے۔

یاسر حسین نے یہ بھی بتایا کہ عینک والا جن کے بعد ان اداکاروں کو کوئی دوسرا رول نہیں دیا گیا نا ہی کسی اور کردار کے لیے انہیں کاسٹ کیا گیا، ان میں سے کچھ فاقہ کشی سے فوت ہوگئے جبکہ دیگر خیرات پر مشکل سے گزارہ کر رہے ہیں۔

اداکار نے وزیر اعظم کو یاد دلایا کہ ان اداکاروں کی مدد کی وجہ سے ہی وہ اپنے ہسپتالوں کی تعمیر کر سکے، اداکار نے کہا "عمران خان، ان لوگوں نے ان دنوں سے آپ کی حمایت کی جب آپ نے اپنے ہسپتال کی تعمیر کے لیے پہلی اینٹ رکھی تھی۔" انہوں نے کہا ہماری حکومت کو تجربہ کار فنکاروں کو مدد کی پیش کش کرنے اور ان لوگوں پر رحم کرنے کی ضرورت ہے جو سالوں تک سے ہمارے شوبز کا حصہ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ 90ء کی دہائی میں پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا مشہور ڈرامہ سیریل ’ عینک والا جن‘ کے کرداروں سے کون واقف نہیں۔ نستور جن، زکوٹا، ہامون جادوگر اور بل بتوڑی کے کرداروں نے ذہنوں میں ان مٹ نقوش چھوڑے۔

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔