آگ کا دریا عبورکرکے یہاں تک پہنچی، مریم نواز

آگ کا دریا عبورکرکے یہاں تک پہنچی، مریم نواز
کیپشن: Maryam Nawaz reached here after crossing the river of fire

ویب ڈیسک: عوامی وزیراعلیٰ کا عوامی انداز عوام کے بعد پولیس کو بھی بھا گیا۔ مریم نواز شریف پولیس کی وردی پہنے پولیس ٹریننگ سنٹر کالج چوہنگ پہنچیں۔ جہاں انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والی خواتین پولیس اہلکاروں کو مبارکباد دی۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے منصب کیلئے خود کو ثابت کرنا پڑا، آگ کا دریا عبور کرکے یہاں تک پہنچی ہوں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پولیس اہلکاروں کو چوکس دیکھ کر بڑی خوشی ہوئی۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت میرے لیے باعث فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے زندگی میں پہلی بار پولیس کا یونیفارم پہنا ہے جسے پہن کر مجھے یہ احساس ہوا کہ یہ بہت بڑی ذمہ داری ہے، اور مجھے معلوم ہے آپ بھی جانتے ہیں کہ یہ کتنی بڑی ذمہ داری ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ہم تو صرف فیصلے کرتے ہیں آپ لوگ اس پر عمل درآمد کرتے ہیں، آپ سے یہی درخواست کروں گی کہ لوگوں کے ساتھ انصاف والا معاملہ کریں، جس معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا وہ خراب ہو جاتے ہیں، آپ لوگ انصاف کریں گے اور مظلوم کا ساتھ دیں گے تو معاشرے میں بہتری آئے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی جی صاحب سے ہر روز ہی پوچھتی تھی کہ یہ تقریب کب ہونی ہے، مجھے شرکت کرنے کا بہت شوق تھا۔ آخر کار اللہ نے مجھے موقع دے دیا کہ میں آپ لوگوں کے ساتھ یہاں موجود ہوں، کسی بھی قسم کی مدد درکار ہو تو میں ہر وقت آپ کے لیے حاضر ہوں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاس آؤٹ ہونے والی لیڈی پولیس اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دیتی ہوں، آپ کی بیٹاں آپ کا سر فخر سے بلند کریں گی۔اپنے والد کو دن کے معاملات کے بارے میں آگہی دیتے ہوئے ان کے چہرے کا فخر دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں۔ مجھے اس منصب پر آنے کے لئے خود کو ثابت کرنا پڑا، آگ کے دریا میں سے گزر کر پہنچی ہوں۔

مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ تمام والدین کو سلام پیش کرتی ہوں، بیٹیوں پر اعتماد کریں، ساتھ دیں یہ آپ کا سر فخر سے بلند کریں گی۔ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کروں گی کہ ملک میں جہاں بھی ترقی نظر آتی ہے وہاں پر ان کا ہی نام ہے۔

 نواز شریف کے دور کے ترقی کے ورثہ کو لیکر چلنے کی بہت بھاری ذمہ داری ہے، مجھے اسے مزید مضبوط کرنا ہے۔ ٹریننگ کالج کے لئے کسی بھی قسم کی مدد کی ضرورت ہوتو مجھے بتائیں میں ہر وقت حاضر ہوں۔ 

Watch Live Public News