ویب ڈیسک: امریکہ کی جانب سے پاکستان کو لوٹی یا اسمگل کی گئی 33 لاکھ ڈالر مالیت کی نوادرات واپس کر دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مین ہٹن ڈسٹرکٹ کی اٹارنی سائی وینس جونیئر کی طرف سے 104 قیمتی نوادرات کو ایک خصوصی تقریب کے دوران واپس کیا گیا۔ اس موقع پر اسلامی جمہوریہ پاکستان کی قونصل جنرل عائشہ علی اور امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی انویسٹی گیشنز (ایچ ایس آئی) کے قائم مقام ڈپٹی سپیشل ایجنٹ انچارج اسٹیفن لی بھی موجود تھے۔ چوری شدہ قیمتی ثقافتی نوادرات کی بازیابی کے لیے کوششوں پر قونصل جنرل عائشہ علی کی جانب سے مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس اور ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا گیا۔ قونصل جنرل نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد تمام نوادرات پاکستان پہنچا کر وہاں موجود عجائب گھروں کی زینت بنا دیئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ اس ثقافتی خزانہ کی چوری یا سمگلنگ میں بھارت کے مشہور سمگلر سبھاش کپور اور ان کے دیگر ساتھی ملوث تھے۔ اس حوالے سے ایچ ایس آئی کے تحت تحقیقات کی گئیں۔ تحقیقات کے دوران پاکستان سمیت دیگر متعدد ملکوں سے لوٹ کر امریکہ سمگل کی جانے والی نوادرات برآمد کی گئیں۔ 2011 سے 2020 تک مین ہٹن ڈی اے آفس اور ایچ ایس آئی کی کوششوں سے کپور کے نیٹ ورک سے سمگل شدہ اڑھائی ہزار سے زائد نادر چیزیں برآمد کی گئیں۔ برآمد کی جانے والی نوادرات کی کل مالیت 143 ملین ڈالر سے زیادہ بنتی ہے۔ خیال رہے کہ پچھلے برس بھی امریکہ نے پاکستان 45 نوادرات واپس کی تھیں۔