پی ٹی آئی پارٹی کے رہنما شہباز گل نے بغاوت پر اکسانے کے کیس میں ضمانت کیئلے سیشن کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے درخواست میں یہ موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے خلاف مقدمہ بد نیتی اور سیاسی بغض کی بنیاد پر بنایا گیا ہے اور ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر اور تقریر کا کچھ حصہ اٹھا کر مقدمہ درج کیا گیا ہے لہذا ضمانت کی درخواست منظور کی جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پروفیسر ہیں اور بیرون ملک درس گاہوں میں پڑھاتے بھی رہے ہیں، مقدمہ میں جو دفعات لگی ہیں وہ بنتی ہی نہیں ہیں۔ مجھے بد نیتی کے تحت مقدمہ میں پھنسایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ شہباز گل بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں اڈیالہ جیل میں ہیں۔ان کے خلاف یہ مقدمہ ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ رسائی پر 9 اگست کو تھانہ کوہسار میں درج کیا گیا تھا ۔