”خطا کار ہوں لیکن کبھی کرپشن نہیں کی“

”خطا کار ہوں لیکن کبھی کرپشن نہیں کی“

لاہور(پبلک نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ خطا کار انسان ہوں لیکن کبھی کرپشن نہیں کی، آشیانہ ریفرنس فراڈ اور جھوٹ ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال ریفرنس پر سماعت ہوئی جس میں شہباز شریف کے خلاف نیب کے گواہ محمد ذیشان کے بیان پر وکلاء کی جرح ہوئی۔

جیل حکام کی طرف سے شہباز شریف اور احد چیمہ کو عدالت میں پیش کیا تو دوران سماعت قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف روسٹرم پر آ گئے۔ انہوں نے کہا سابق چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دیئے تھے کہ شہباز شریف نے پنجاب حکومت کے خزانے کو تحفظ دیا، آشیانہ ریفرنس فراڈ اور جھوٹ ہے، جس کمپنی کو میں نے بلیک لسٹ کیا، اسے بی آرٹی میں ٹھیکہ دیا گیا۔

شہبازشریف نے کہا مقبول کالسن کمپنی نے 90 کروڑ روپے بطور گارنٹی جمع کرایا تھا، مقبول کالسن نے اورنج ٹرین کے پلوں کی گہرائی مطلوبہ گہرائی سے کم رکھی تھی، میرے منہ میں خاک اگر خدانخواستہ مقبول کالسن کی بدنیتی نہ پکڑی جاتی تو آج کئی جانیں چلی جاتیں، سٹیٹ بنک کی ہدایات پر ہم نے مقبول کالسن کی 90 کروڑ کی گارنٹی ضبط کی۔

سابق وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ عدالت میں احد چیمہ بھی کھڑے ہیں، انہوں نے بھی بہت محنت کی، میں نے اورنج لائن ٹرین بنائی، خودنمائی نہیں کر رہا لیکن اچھے کاموں کی تعریف ہونی چاہیے۔

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔