عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کر رہا ہے: شفقت محمود

عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کر رہا ہے: شفقت محمود
کراچی ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر تعلیم و صدر پاکستان تحریک انصاف شفقت محمود نے کہا ہے کہ شکست خوردہ عناصر منتخب حکومت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں ۔الزامات کی سیاست کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔ کھوکھلے نعروں پر یقین نہیں رکھتے بلکہ سچے دل سے پاکستان کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ پنجاب بھر سے آئے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقابلہ ایسے عناصر سے ہے جو ملکی مفاد سے زیادہ زاتی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں اور اپنی لوٹی ہوئی دولت کو تحفظ دینے کے لیے وہ منتخب جمہوری حکومت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ایسے عناصر کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو پائیں گے کیونکہ عوام انکا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں اور انکے مذموم مقاصد سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی منفی سیاست نے ملکی مفاد کو بہت نقصان پہنچایا ہے اور ماضی کے فرسودہ نظام نے اداروں کو تباہ و برباد کر دیا ہے اور اب ہم دن رات محنت کر کے کئی دہائیوں کے بگڑے نظام کو درست کر رہے ہیں۔ گزشتہ تین برس کے دوران ہم نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منازل طے کر رہا ہے مگر چند سازشی عناصر ترقی کا یہ سفر روکنے کے درپے ہیں، مگر ان عناصر کی پہلے کوئی سازش کامیاب ہوئی اور نہ اب ہوگی۔ شفقت محمود نے کہا کہ تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر عوام کے مسائل کا حل نہیں چاہتے۔ سازشی عناصر کو جواب عوامی خدمت سے دیا ہے اور دیتے رہیں گے۔ تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے اور اسکا منشور ہی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے۔ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج سے پنجاب کا ہر ضلع یکساں ترقی کررہا ہے اور حکومت نے کروڑوں لوگوں کو دس لاکھ روپے تک علاج کی مفت سہولت فراہم کر کے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان ہمارا سرمایہ ہیں۔ پارٹی عہدیداران و کارکنان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ تحریک انصاف کا بیانیہ شفافیت، میرٹ، انصاف اور قانون کی عملداری ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو درست سمت پر ڈال دیا ہے۔ آج عوام کو تحریک انصاف کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور اپوزیشن کا منفی بیانیہ پٹ چکا ہے۔ پراپیگنڈہ کرنے والے جان لیں کہ عوام کی خدمت کھوکھلے دعوؤں سے نہیں ہوتی بلکہ اسکے لئے اپنے زاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صدق دل سے کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سابق دور کی طرح ون مین شو پر یقین نہیں رکھتے بلکہ سب کو ساتھ لیکر چلتے ہیں اور ہماری پارٹی میں مشاورت کے ساتھ فیصلے کئے جاتے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج ہم پنجاب بھر سے تعلق رکھنے والے پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں سے مشاورت کر کے پارٹی کی تنظیم سازی کر رہے ہیں۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔