لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 7 ویں ایڈیشن کے دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلے ہی اوور میں فخرزمان ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے اور ڈاؤسن بھی 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ عبداللہ شفیق، کامران غلام اور محمد حفیظ کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔عبداللہ شفیق 52، کامران 30 اور محمد حفیظ 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیام ڈاؤسن اور محمد وسیم نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں ملتان سلطانز سے مدمقابل ہوگی۔