برطانیہ کا کورونا ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کا اعلان

برطانیہ کا کورونا ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کا اعلان
لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی حکومت نے ویکسین شدہ افراد کیلئے سفر سے قبل کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی شرط کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے یہ اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں کہ ہمارا ملک مسافروں اور کاروبار کا خیر مقدم کرتا ہے۔ اب برطانیہ کی سرزمین پر آنے والے ویکسین شدہ افراد کو ٹیسٹ کروانے کی قطعی ضرورت نہیں ہوگی۔ ویکسین شدہ افراد کے لئے کورونا ٹیسٹ کروانے کی شرط ختم کرنے کا اطلاق آئندہ ماہ گیارہ فروری سے ہوگا۔ برطانیہ میں داخل ہونے والے مسافروں کی ویکسین لگنے کے بعد اب بارڈر ٹیسٹنگ نہیں کی جائے گی۔ برطانیہ کی ٹریول انڈسٹری نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے تاریخی دن قرار دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کورونا پابندیاں لگنے کی وجہ سے سیاحت اور کاروبار کو بہت نقصان پہنچ چکا ہے، ہم وزیراعظم بورس جانسن کے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے لگنے والی پابندیوں سے سفر و سیاحت کی کمپنیاں متاثر ہوئی ہیں اور انہوں نے حکومت کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے، جو برطانیہ کو بین الاقوامی سفر کے لیے کھول دے گا۔ خیال رہے کہ سکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ اپنے قوانین خود طے کرتے ہیں۔ لیکن ان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سفر کے لئے وہ برطانیہ کی پالیسی اپنائیں گے۔ برطانوی حکومت ماسک اور دیگر پابندیاں بھی رواں ہفتے سے ہی ختم کر رہی ہے۔ اب ان کا انحصار ویکسی نیشن اور بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ پر ہے تاکہ وائرس پر قابو پایا جا سکے۔ برطانیہ میں غیر ویکسین شدہ افراد کے لئے بھی پابندیوں میں سختی کم کی جا رہی ہے۔ انہیں ملک سے آنے جانے کے وقت ٹیسٹ کروانا ہوگا لیکن قرنطینہ میں نہیں جانا ہوگا۔ واضح رہے کہ ٹیسٹنگ کی شرط ویکسین شدہ افراد اور اٹھارہ سال کے کم عمر بچوں کے لئے ختم کی جا رہی ہے۔

Watch Live Public News